سی پی ڈی آر کے زیر اہتمام بلدیاتی انتخابات سے متعلق کانفرنس کا انعقاد

مظفرآباد (دھرتی نیوز) شہریوں کو اقتدار میں شریک کرنے اور معاشرے میں پائی جانے والی مایوسی کو دور کرنے میں بلدیاتی الیکشن اہم کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سنٹر فار پیس، ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمز (سی پی ڈی آر ) کے زیر اہتمام بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، نون لیگ او رمسلم کانفرنس کے رہنماؤں نے نومبر کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن آزادکشمیر کی سیاست اور معاشرت کو مثبت طور پر متاثر کریں گے اور آزادکشمیر میں تعمیر اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ کانفرنس سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیرسردار جاوید ایوب، رکن الیکشن کمیشن فرحت میر، نون لیگ کے رہنما زاہد امین کاشف، پی ٹی آئی کے رہنما سردار محمد قاضی اسرائیل، شوکت جاوید میر شاہد اعوان ،فیصل جمیل کشمیری، ارشاد محمود، ڈاکٹر وقاض علی، مراد علی، ارتعزا محمد اور دیگر نے خطاب کیا۔
رکن اسمبلی اور پی پی پی کے رہنما سردار جاوید ایوب نے کہا کہ پی پی پی بلدیاتی الیکشن کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ ان الیکشن سے نئی لیڈرشپ ابھرے گی۔ متوسط طبقے کے نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا ہم بلدیاتی اداوں کو باختیار اور موثر دیکھنا چاہتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا کہ تین دھائیوں کے بعد ہونے والے اس الیکشن میں عوام بڑے پیمانے پر حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری کہ وہ ہر چار سال بعد بلدیاتی الیکشن کرائے۔ انہوں نے سول سوسائٹی تنطیموں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو الیکشن کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔ فرحت علی میر نے کہا کہ الیکشن میں تعلیم یافتہ اور باشعور نمائندوں کا منتخب ہونا ضروری ہے کیونکہ بلدیاتی نمائندوں کو تعمیراتی کاموں کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی اور انہیں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ فرحت علی میر نے کہا کہ اسمبلیاں جمہوری نظام کا دل ہیں تو مقامی حکومتیں اس کی شریانیں۔ جن کے بغیر جسم کی حرکت ناممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں سمیت، ہر کسی کو الیکشن میں قسمت آزمانے کا مساوی موقع دستیاب ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عثمان عتیق نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا ہونا اچھی شروعات ہے۔ البتہ یہ ایک تدریجی عمل ہے اور بتدریج بلدیاتی نظام مضبوط اور موثر ہوگا۔ جلدنتائج کی امیدیں نہیں نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور عورتوں کو بھرپور طریقہ سے الیکشن کے میدان میں اترنا چاہیے اور کسی خوف کے بغیر مقابلہ کرنا چاہیے۔پی ٹی آئی کے رہنما سردار محمد اسرائیل قاضی نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق اقتدار نچلی سطی پر منتقل کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی تاریخی کامیابی حاصل کرے گی اور عام لوگوں کو بااختیار بنائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم تنویر الیاس اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد امین کاشف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بغیر جمہوری نظام جڑ نہیں پکڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ یہ عوام کا حق ہے کہ گلی محلے کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوجائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی الیکشن سے جمہوری نطام مضبوط ہوگا۔ ایس ڈی جیز کے کوآرڈینیٹر برائے آزادکشمیر سیّد علی حسنین گیلانی نےمقامی حکومتوں کے ذریعے خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام سے بھوک، غذائی تحفظ، صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی،باعزت روزگار کی فراہمی اور ماحولیاتی پائیداری جیسے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔سی پی ڈی آر کے ڈائریکٹر ارشاد محمود نے کہا کہ جمہوری عمل محض قانون ساز اسمبلی کے الیکشن سے پورا نہیں ہوتا بلکہ شہریوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرنا ہوتاہے۔ انہوں کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوری نظام کو پروان چڑہانے اور لیڈرشپ ابھارنے میں کردار ادا کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن کے بعد بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل پر گفتگو ہونی چاہیے۔کانفرس کے میزبان ڈاکٹر وقاص علی نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو ترقی اور سیاسی نظام کا حصہ بننے کے لیے برابری کی سطح پر مواقع ملنے چاہیے تاکہ وہ ریاستی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں اور خواتین کو زیادہ سے زیادہ ٹکٹ دیں اور الیکشن مین ان کی کامیابی میں بھی کردار ادا کریں۔سماجی کارکن ارتعزا محمد نے کہا کہ الیکشن کے بعد بلدیاتی اداوں کو موثر سروس ڈی لیوری پر دھیان دینا ہوگا تاکہ ان کی ساکھ قائم ہوسکے۔ ممتاز سماجی رہنما فیصل جمیل کاشمیری نے زوردیا کہ انتخابات آزادانہ، شفاف اور قابل بھروسہ ہوں۔ عام لوگوں کو اس میں زیادہ مواقع ملنا چاہیں کیونکہ وہ ہی مقامی مسائل کا علم رکھتے ہیں۔ پی پی پی نے نوجوان رہنما مراد علی نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد الیکشن میں حصہ لینے کے لیے بے چین ہے لیکن انہیں ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ منتخب ہوکر ترقی اور اچھی حکمرانی کی فراہمی ممکن بناسکیں۔ نون لیگ کے نواجوان رہنما راجہ شاہد لطیف نے کہا کہ وہ خود بھی الیکشن میں حصہ لیں گے اور بطور ایک نوجوان کے اپنی یونین کوسل میں تبدیلی لانے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہمارا حق ہے کہ یہ کوئی احسان نہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں