عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے، کورکمیٹی کے اجلاس میں مطالبہ

‏اسلام آباد(دھرتی نیوز )پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جمعرات کی شام منعقد ہوا جس میں اٹک جیل میں نہایت ناگفتہ بہ حالات میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی صحت و سلامتی کے خصوصی ایجنڈا زیرِ غور آیا۔ پاکستان تحریک انصاف کا چیئرمین عمران خان کی صحت و سلامتی کو سنجیدگی سے نہ لینے پر شدید احتجاج کیا گیا اورچیئرمین عمران خان کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت میں تاخیر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔کمیٹی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چیئرمین عمران خان کی صحت و سلامتی کے حوالے سے حکّام کے طرزِعمل سے ہرگز مطمئن نہیں ہیں، عمران خان پہلے ایک مرتبہ قاتلانہ حملے اور قتل کی متعدد کوششوں کا نشانہ بن چکے ہیں، ایک متنازع عدالتی فیصلے کے نتیجے میں قید کئے جانے کی آڑ میں ان کی صحت و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی قطعاً اجازت نہیں دے سکتے۔ قواعد اور جیل مینوئل کے مطابق معیاری اور محفوظ کھانا چیئرمین عمران خان کا بنیادی استحقاق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور چیئرمین عمران خان کو گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت دی جائے۔عدالت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اٹک سے اڈیالہ جیل فوری منتقلی کے احکامات بھی صادر کرے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں