ناظم اعلٰی جنگلات سردار محمد رفیق خان کی ریٹائرمنٹ پر تقریب ،اہم شخصیات کی شرکت

راولاکوٹ( دھرتی نیوز ) ناظم اعلٰی جنگلات(تجدید ) سردار محمد رفیق خان کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں محکمے کے ریٹائرڈ آفیسران کی جانب سے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، سابق سیکرٹریز حکومت سردار محمد صدیق خان، سردار محمد خورشید خان، سردار محمد افراز خان، سابق چیف انجینئرز سردار امتیاز بہار،سردار محمد حفیظ خان، سابق ناظم اعلی جنگلات سردار شفقت عزیز، خواجہ ممتاز احمد،محمد خان کیانی (سابق رینج آفیسر) محکمہ جنگلات سمیت دیگر محکمہ جات کے آفیسران، وکلاء اور صحافیوں کے نمائندگان اور دیگر نے شرکت کی۔مقررین نے سردار رفیق خان ناظم اعلٰی جنگلات کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہایا اور کہا کہ انہوں نے اپنی پوری سروس کے دوران نہ صرف محکمے کی نیک نامی میں اضافہ کیا بلکہ پبلک کے ساتھ ایک لیزان بنائے رکھا جس کے باعث ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں نکھار پیدا ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکرٹری حکومت سردار محمد صدیق خان نے ریٹائرمنٹ زندگی گذارنے کے احوال شرکاء کے گوش گذار کیے اور کہا کہ سروس سے ریٹائرمنٹ زندگی سے ریٹائرمنٹ نہیں ہوتی اس لیے سروس سے بعد کی زندگی کو قابل رشک بنانے کے لیے منصوبہ بندی کر کے اس زندگی کو مزید فائدہ مند بتایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سردار رفیق خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ سردار رفیق خان سابق ناظم اعلٰی جنگلات نے اپنی تقریر میں دوران سروس پیش آنے والے تجربات اور مشاہدات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ اگر محنت سے اپنا کام کیا جائے تو انسان جہاں بھی ہو اپنا مقام بنا لیتا ہے ۔ انہوں نے اپنے اسٹاف ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹیم ممبران کی حیثیت سے مجھے ہمیشہ اسپورٹ کیا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سابق ناظم اعلی جنگلات خواجہ ممتاز احمداور سابق ناظم اعلٰی جنگلات سردار شفقت عزیز نے بطور میزبان تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سردار رفیق خان کو ایک بہترین آفیسر قرار دیا اور جونیرز کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ سردار رفیق خان نے جہاں پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیں وہاں ان کی دلیری بھی قابل رشک رہی ۔ تقریب میں موجود سردار رفیق خان کے بیٹے نے اپنے خاندان کی جانب سے سول سوسائٹی اور محکمے کی جانب کی جانے والی عزت افزائی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں