نورکوٹ دوہرا قتل کیس ،ملزم کی ایک مقتول سے پرانی عداوت تھی، ایس ایس پی کی پریس کانفرنس

راولاکوٹ(دھرتی نیوز ) علی سوجل نور کوٹ میں چند روز قبل دوہرے قتل کے حوالے سے ایس ایس پی راولاکوٹ وحید گیلانی نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وقوعہ کے روز جب ہمیں اطلاع ملی کہ اس علاقے میں ایک ڈیڈ باڈی سڑک کے کنارے پڑی ہیں ۔ ہم نے پولیس پارٹی روانہ کی تو کچھ دیر پتہ چلا کہ ایک اور نعش جنگل میں پڑی ہے۔ یہ بڑی تشویش ناک بات تھی لہذا ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک اور پارٹی روانہ کی۔ اس دوران پونچھ سے باہر جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کروا دی۔ علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل چکا تھا ۔ موقع پر موجود پولیس نے قتل کیے جانے والے گلنواز اور مدثر کا آپس میں کوئی تعلق نہ پائے جانے پر مزید تشویش پائی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے انتہائی مہارت سے جائزہ لیا تو کچھ شواہد ملنے کے بعد مظہر نقی نامی نوجوان کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں ہی ملزم نے اقبال جرم کر لیا۔ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔ قتل کی وجوہات کے بارے میں ابھی تفتیش جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ہونے والے یہ تین قتل بلائنڈ تھے جن کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس کی بھی تعریف کی اور کہا ان کی رہنمائی سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ ہم نے گشت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس سے تعاون کریں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں