پانچ ارب کے منصوبے پر عدالت نے ایک پھٹان کے کہنے پر حکم امتناعی جاری کر دیا،وزیراعظم

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہم نےحکومت سنبھالی تو وفاق میں ہماری حکومت ختم ہو چکی تھی اور وفاق ہمارے فنڈز روکے ہوئے تھا، وفاق نے تنخواہیں اور پنشن بڑھانے کی اضافی رقم دینے کا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا، ہماری حکومت آج بھی تنخواہ اور پنشن کے مقدمے پر وفاق کیساتھ مذاکرات کر رہی ہے ، وفاقی وزارت خزانہ کے ذمہ داران سے وزراء اور بیوروکریسی کی ملاقاتیں جاری ہیں لیکن مشکل معاشی حالات کے باوحود ہم نے کسی سرکاری ملازم کی تنخواہ یا پنشن رکنے نہیں دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سعودی ڈیویلپمنٹ بنک نے آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کیلئے 5 ارب روپے کا منصوبہ دیا جس پر معزز عدالت نے اسٹے جاری کر دیا، میری تو کوشش اور خواہش تھی کہ ہم سعودیہ یا کسی اور ملک سے مزید فنڈز لیں اور اپنے تعلیمی اداروں اور طلبہ پر خرچ کریں، اس اہم ترین منصوبے پر پہلے تو میوزیکل چیر والا کھیل کھیلا گیا اور جب ٹھیکہ دیا گیا تو معزز عدلیہ نے اسٹے دے دیا، ہماری ریاست کے سکول اور بچے اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ ان کیلئے پانچ ارب کے فنڈز آئیں اور کے پی کے کا کوئی پٹھان آکر اس منصوبے پر اسٹے حاصل کر لے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ڈھائی ڈھائی ارب روپے کی ٹیکس چوری کرنے والی فیکٹریاں راتوں رات کیسے کھل جاتی ہیں؟ ڈھائی ارب ٹیکس چوری کرنے والوں نے ریاست کو کتنا ٹیکس جمع کرایا ؟ ایسی فیکٹریاں کیسے کھل جاتی ہیں؟ ہم وفاق کیساتھ بیٹھے تو انہوں نے کہا کہ ان تمباکو والی فیکٹریوں سے ٹیکس آپ لیں یا ہم لیکر دیں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ کیا آزادکشمیر کا کوئی پرسان حال نہیں؟ اسٹے تو ہمیشہ عارضی بنیاد پر دیا جاتا ہے پھر یہ مہینوں لمبے اسٹے کیوں دیے جاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے پاس لوکل وارڈ کے کونسلروں کا کیس ہو تو بڑی عدالت کیوں جمپ کر جاتی ہے، سڑک سے چلنے والوں کو بلا کر اسٹے دے دیا جاتا ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ ریاست کے اندر سیاست کرنا صرف عوام کا حق ہے، اس ڈومین میں کون آسکتا ہے اور کون نہیں؟ اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔پارلیمان سب سے سپریم ادارہ ہے، ہمیں ڈکٹیٹ نہ کیا جائے اور نہ ہم کسی کی ڈکٹیشن لیتے ہیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ رمضان میں لحاظ کرنا پڑتا ہے عید کے بعد پونچھ سے ہو کر ہم سب کا دھواں نکالیں گے، ہم بتائیں گے کہ ہمارے اور دوسرے کے اختیارات کیا کیا ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں