کرکٹ ورلڈکپ،آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے ہرا دیا

نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو باآسانی 309 رنز سے شکست دے کر ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔گلین میکسویل کو ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نئی دہلی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کیلیے 400 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پوری 90 پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے نیدرلینڈز کے وکرم جیت سنگھ نے 25 اور تیجا نڈامنورو نے 14 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے صرف 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل مارش نے 2 جبکہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ یہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی کامیابی بھی ہے۔ سب سے بڑی کامیابی کا اعزاز بھارت کے پاس ہے جو اس نے جنوری 2023 میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دے کر حاصل کیا تھا۔اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 28 رنز پر گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے پارٹنر شپ قائم کی اور اسکور 160 رنز تک پہنچایا۔اس کے بعد 23.3 اوورز میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری جب اسٹیو اسمتھ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کے درمیان 84 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ لبوشین 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ جوش انگلس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ انکے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جنہوں نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ کیمرون گرین کی صورت میں گری جب وہ 290 کے مجموعے پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد گلین میکس ویل نے نیدرلینڈز کے بولرز کو ترنوالہ بناتے ہوئے 40 گیندوں پر سنچری جڑ دی۔ ساتویں وکٹ پر 44 گیندوں پر 103 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس میں میکس ویل کے 93 رنز شامل تھے۔ گلین میکس ویل 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیل کر آخر اوور میں آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 399 رنز بنائے۔نیدرلینڈز کی جانب سے لوگان وین بیک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے نے دو اور آریان دت نے ایک وکٹ لی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں