05 ستمبر کو میرپور و پونچھ ڈویژن میں مکمل ہڑتال کا اعلان

راولاکوٹ،بھمبھر(دھرتی نیوز ) آزادکشمیر میں بجلی کے ٹیرف میں بے جا ٹیکسز کے نفاذ اور اپنے دیگر مطالبات کے حق میں پونچھ اور میرپور ڈویژن میں 05 ستمبر کو شٹرڈاون ہڑتال اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔جبکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔اس بات کا اعلان ہفتے کو راولاکوٹ میں پونچھ ڈویژن کی اکثریتی جبکہ میرپور ڈویژن کے بعض شہروں کے تاجران کی تنظیموں ۔ٹرانسپورٹ تنظیموں کے ایک دھڑے ، عوامی ایکشن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد انجمن تاجران کے ڈویژنل صدر حافظ طارق نے اپنی تقریر میں کیا جس کی حمایت شرکاء اجلاس نے ہاتھ کھڑے کر کے کیا۔ حافظ طارق کے مطابق تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے گے ہیں۔ تمام تاجران 05 ستمبر کو صبح سے شام تک کاروبار بند رکھیں گے،پبلک سروس گاڑیاں بھی اپنی سروس معطل رکھے گی،تعلیمی اداروں کے طلباء کو لے جانے والی پبلک سروس گاڑیوں کی یونین نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے جس کے بعد پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی یونین نے بھی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس کا تحریری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تاہم اتوار کو اس حوالے سے ہڑتال کا مکمل شیڈول جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ امن و امان برقرار رکھیں گے اور زبردستی شاہرات بند نہیں کی جائیگی۔ دریں اثناء وزیراعظم کے آبائی ضلع بھمبر میں بعض ٹریڈ یونین نے ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔صدر ٹرانسپوررٹ یونین ضلع بھمبر معروف تاجر و ٹرانسپورٹر چوہدری عارف یوسف عرف کاکا نے انجمن تاجران کی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق پہلے دلیر اور جراتمند وزیر اعظم ہیں جنھوں نے دو ٹوک موقف اختیار کیااور کشمیریوں کا مقدمہ بڑے خوبصورت انداز میں لڑ رہے ہیں۔اپنے سوشل میڈیا پیچ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھمبر کے تاجر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور وزیر اعظم اور انکی حکومت کی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انجمن تاجران کی طرف سے 5 ستمبر کو ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے دوکانیں اور ٹرانسپورٹ کھلی رکھنے کا اعلان کرتا ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں